نیلا گنبد میں زیرِ زمین پارکنگ پلازہ فنڈز کی کمی کا شکار
اربوں کے منصوبے کی سست روی پر سوالیہ نشان ،وقت پر مکمل ہو گا یا نہیں؟
لاہور (شیخ زین العابدین)لاہورکے تاریخی نیلا گنبد کے مقام پر زیرِ زمین پارکنگ پلازہ جسے شہر کا فلیگ شپ منصوبہ قرار دیا گیا ، فنڈز کی کمی کا شکار ہوگیااربوں روپے کے اس منصوبے میں سست روی نے سوالات کھڑے کر دیئے کہ آیا یہ وقت پر مکمل ہو پائے گا یا نہیں۔ ذرائع کے مطابق پارکنگ پلازہ کیلئے 2451 ملین روپے کے فنڈز جاری ہونے ہیں تاہم پنجاب حکومت ابتک صرف دو اقساط میں 412 ملین روپے ہی جاری کر سکی ۔ 4 ماہ میں منصوبے کی کل لاگت کے صرف17فیصد فنڈز ہی مل سکے ، کنٹریکٹر کے سترہ کروڑ کے بل تاحال جاری نہ ہو سکے ۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر نیلا گنبد(ٹیپا)اسد کا کہنا ہے کہ پارکنگ پلازہ میں پائل، کیپ بیم و دیگر سٹرکچرل کام مکمل ہوچکے ہیں۔کھدائی کا40فیصد تک کام مکمل ہو چکا ہے ، باقی مراحل فنڈز کی دستیابی سے مشروط ہیں۔ فنڈز کی قلت پرپارکنگ پلازہ کی تعمیر پر کام سست ہو گیا۔دوسری جانب والڈ سٹی اتھارٹی نے نیلا گنبد کو پرانی حالت میں بحال کرنیکا کام شروع کر دیا ہے ۔