میٹرو بس : سٹیشنز پر ٹکٹنگ مشینیں خراب،مسافر پریشان
شدید سردی میں طویل انتظار کے دوران کئی مقامات پر بدنظمی، تلخ کلامی
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )میٹرو بس سروس میں ٹکٹنگ کا نظام بری طرح متاثر ہو چکا ہے ۔ مختلف سٹیشنز پر ٹکٹنگ مشینیں خراب ہونے اور ٹوکن ختم ہونے کے باعث مسافروں کو گھنٹوں قطاروں میں کھڑا رہنا پڑ رہا ہے ۔ صبح اور شام کے اوقات میں صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے ، جہاں روزمرہ دفاتر اور کام پر جانے والے شہری سب سے زیادہ متاثر نظر آتے ہیں۔ٹوکن نہ ملنے پر مسافروں کو اسمارٹ کارڈ سسٹم کی طرف منتقل کیا جا رہا ہے ، تاہم وہاں بھی مشکلات کم نہیں۔ سمارٹ کارڈز کا سٹاک ختم ہونے کے باعث شہری ایک نئے مسئلے سے دوچار ہو گئے ہیں۔ شدید سردی میں طویل انتظار کے دوران کئی مقامات پر بدنظمی اور تلخ کلامی کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔میٹرو بس انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کی سہولت کے لیے نئے T-Cash کارڈ کیوسکس اور جدید مشینیں لگانے کے دعوے کیے گئے تھے ، مگر عملی طور پر یہ دعوے پورے ہوتے دکھائی نہیں دے رہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ماضی میں ٹوکن سسٹم نسبتاً بہتر انداز میں کام کر رہا تھا، لیکن اب صورتحال یہ ہے کہ نہ ٹوکن دستیاب ہیں اور نہ ہی سمارٹ کارڈز۔