ہزاروں عارضی اساتذہ اور ایس ٹی ایز تنخواہوں سے محروم
محکمہ سکول تنخواہوں کی ادائیگی کا طریقہ کار تاحال فائنل نہیں کر سکا
لاہور(خبر نگار)عارضی اساتذہ اور سکول ٹیچر انٹرنز شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ محکمہ سکول ایجوکیشن تاحال تنخواہوں کی ادائیگی کا طریقہ کار فائنل نہیں کر سکا۔ صوبے بھر کے سرکاری سکولوں میں تعینات بارہ ہزار کے قریب اساتذہ تاحال تنخواہوں سے محروم ہیں۔سکولوں میں رکھے گئے عارضی اساتذہ اور سکول ٹیچر انٹرنز کو دو ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی جا سکیں۔محکمہ سکول ایجوکیشن تنخواہوں کی ادائیگی کا طریقہ کار تاحال فائنل نہیں کر سکا۔تنخواہیں بینک اکاؤنٹ کے ذریعے دی جائیں یا کسی اور نظام کے تحت، اس فیصلے میں تاخیر جاری ہے ۔محکمہ سکول ایجوکیشن کو طریقہ کار فائنل کرنے میں دو ماہ لگ چکے ہیں، جس کے باعث اساتذہ شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں۔ دوسری جانب سی ٹی آئیز کو وینڈر اکاؤنٹ کے ذریعے تنخواہیں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ صوبے بھر میں ان اساتذہ کے کنٹریکٹ میں توسیع تو کر دی گئی تھی، تاہم تنخواہوں کی عدم ادائیگی نے سوالات کھڑے کر دیئے ہیں۔