بسنت :10لاکھ سیفٹی راڈز موٹرسائیکلز پر لگانے کا فیصلہ
کائٹ فلائنگ میٹیریل مینوفیکچرنگ کی اجازت ضلع لاہور میں ہوگی :کمشنر
لاہور (اپنے سٹی رپورٹر سے )کمشنر لاہور ڈویژن مریم خان کی زیر صدارت محفوظ بسنت لاہور کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں آل پاکستان کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشنز سمیت 6 ایسوسی ایشنز نے بھی شرکت کی۔ کمشنرلاہور مریم خان نے ضلع لاہور کی حدود میں \\\"محفوظ بسنت\\\" کے حوالے سے سخت ہدایات جاری کیں۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ صرف لاہور ضلع کی حدود میں تین روزہ محفوظ بسنت 6,7,8 فروری 2026, ہوگی، 6فروری 2026سے پہلے ضلع لاہور میں پتنگ بازی کی قطعاً اجازت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کائٹ فلائنگ میٹیریل مینوفیکچرنگ کی اجازت کی صرف ضلع لاہور میں ہوگی جبکہ شہر میں پتنگ و ڈور کی فروخت بھی صرف یکم فروری تا 8 فروری 2026 تک ہے ۔ کمشنرلاہور نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ محفوظ بسنت کی تاریخوں و قوانین کی خلاف ورزی پر سخت کریک ڈاؤن کرے ۔ انہوں نے کہا کہ محفوظ بسنت کیلئے روڈ سیفٹی کیمپس سے 10لاکھ سیفٹی راڈز موٹرسائیکلز پر لگائے جائینگے ، تین روزہ محفوظ بسنت کے دوران سیفٹی راڈز کے بغیر کوئی موٹر سائیکل لاہور کی روڈز پر نہیں آئیگی۔ اجلاس میں ضلعی انتظامیہ لاہور نے کمشنر لاہور کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ لاہور میں اس وقت پتنگ بازی پر مکمل پابندی ہے ۔