رواں سال بغیر کاغذات 221 موٹر سائیکلوں کیخلاف کارروائی
9 اپلائیڈ فار موٹر سائیکلوں کو تھانوں میں بند کر دیا گیا:سی سی پی او لاہور
لاہور(کرائم رپورٹر)شہر میں سکیورٹی الرٹ کے پیش نظر لاہور پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سنیپ چیکنگ اور ناکہ جات کے ذریعے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال کے دوران سنیپ چیکنگ اور مختلف ناکہ جات پر 15 ہزار سے زائد گاڑیوں اور دیگر وہیکلز کی چیکنگ کی جا چکی ہے ۔پولیس اعداد و شمار کے مطابق اس دوران 59 ہزار 966 موٹر سائیکلوں کو بھی چیک کیا گیا۔ بغیر مکمل کاغذات کے 221 موٹر سائیکلوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی جبکہ 9 اپلائیڈ فار موٹر سائیکلوں کو تھانوں میں بند کر دیا گیا۔سی سی پی او لاہور کا کہنا ہے کہ شہر بھر کے ناکہ جات پر گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور مشتبہ افراد کی سخت چیکنگ کا عمل مسلسل جاری ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ چیکنگ کے دوران مشکوک افراد کا کریمنل ریکارڈ لازمی چیک کیا جائے اور قواعد کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے ، بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے چوری شدہ، ٹیمپرڈ اور جعلی نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی جا رہی ہے ۔