جوہر ٹاؤن :پولیس مقابلہ میں زخمی سمیت 2ڈاکو گرفتار
دونوں گرفتار ملزموں سے اسلحہ، موبائل فون موٹر سائیکل اور نقد ی برآمد
لاہور(کرائم رپورٹر)جوہر ٹاؤن کے علاقے میں پولیس مقابلہ میں زخمی ڈاکو سمیت دو ملزمان گرفتار کر لیے گئے ،پولیس نے زخمی ڈاکو کو ہسپتال منتقل کر کے تفتیش کا آغاز کردیا۔ ترجمان کے مطابق جوہر ٹاؤن کے علاقے میں واردات کے بعد پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے تعاقب کیا جنہوں نے گرفتاری سے بچنے کے لیے پولیس پر فائرنگ کر دی ،اس دوران ایک ڈاکو اپنے ساتھی کی گولی لگنے سے زخمی ہو کر گر پڑا، پولیس نے دونوں کو گرفتار کر کے ان سے اسلحہ، موبائل فون موٹر سائیکل اور نقد رقم برآمد کرلی گئی ہے ،برآمدہ موٹر سائیکل تھانہ شاہدرہ کے ڈکیتی مقدمہ میں مطلوب تھی، ڈکیتی کی واردات سکھا باغ جوہر ٹاؤن میں پیش آئی، ملزمان گن پوائنٹ پر موبائل اور 4500 روپے لوٹ کر فرار ہوئے تھے ۔