بسنت ثقافتی تہوار نہیں ، خونی کھیل بن چکا : جماعت اسلامی

بسنت ثقافتی تہوار نہیں ، خونی کھیل بن چکا : جماعت اسلامی

کسی صورت انسانی جانوں پر سیاست قبول نہیں کی جائے گی :صوبائی امیر

لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ بسنت کوئی ثقافتی تہوار نہیں بلکہ ایک خونی کھیل بن چکا ہے ۔ڈور سے گلے کٹنے ، چھتوں سے گرنے ، موٹر سائیکل سواروں کے شدید زخمی ہونے اور بچوں کے مستقل معذور ہو جانے کے واقعات ہر سال بسنت کے ساتھ جڑے ہوتے ہیں۔ یہ سب کوئی نئی بات نہیں، ماضی اس کا گواہ ہے۔ اس کے باوجود حکومت آنکھیں بند کر کے اس خونی تہوار کو فروغ دینا چاہتی ہے ، جو سراسر غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بسنت منا کر دنیا کو آخر کیا پیغام دینا چاہتی ہیں؟ جن ماؤں نے اپنے بچے کھوئے ، جن خاندانوں نے اپنے پیاروں کی لاشیں اٹھائیں، ان کے درد کا احساس حکمرانوں کو کیوں نہیں؟۔ بسنت کے دوران صرف جانی نقصان ہی نہیں ہوتا بلکہ بجلی کے نظام کو شدید نقصان پہنچتا ہے ، فیڈرز ٹرپ ہو جاتے ہیں، شہروں میں گھنٹوں بجلی غائب رہتی ہے ،جماعت اسلامی کسی صورت انسانی جانوں پر سیاست قبول نہیں کرے گی اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرتی رہے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں