ہسپتالوں میں کیمروں کو سیف سٹی سے منسلک کرنیکا فیصلہ
سیف سٹی اتھارٹی لاہور کی ٹیموں کو مکمل تعاون فراہم کیاجائے :مراسلہ
لاہور ( ہیلتھ رپورٹر ) حکومتِ پنجاب نے سرکاری ہسپتالوں کو محفوظ بنانے کے لیے ایک اور اہم اقدام اٹھاتے ہوئے ہسپتالوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کو پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے ساتھ منسلک کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے انتظامی کنٹرول میں آنے والے تمام سرکاری ہسپتالوں کے ایمرجنسی اور آؤٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹس (او پی ڈی) میں نصب سکیورٹی کیمرے لازمی طور پر پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے ساتھ مربوط کیے جائیں گے۔
اس ضمن میں تمام متعلقہ ہسپتالوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پنجاب سیف سٹی اتھارٹی لاہور کی ٹیموں کو مکمل سہولیات اور تعاون فراہم کریں۔ موجودہ سی سی ٹی وی سسٹمز کے انضمام کے ساتھ ساتھ جہاں ضرورت محسوس کی جائے وہاں نئے کیمروں کی تنصیب بھی عمل میں لائی جا سکے گی۔اس حوالے سے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی جانب سے باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے ، جس میں تمام میڈیکل یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز، میڈیکل کالجز، سپیشلائزڈ میڈیکل اداروں، نرسنگ اور الائیڈ ہیلتھ اداروں کے پرنسپلز، ڈینز، ایگزیکٹو ڈائریکٹرز، ہیڈز آف انسٹی ٹیوشنز اور تدریسی ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو فیصلے پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے ۔