سہولت بازار میاں پلازہ میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد
لاہور(خبر نگار)وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور چیئرپرسن پنجاب سہولت بازارز اتھارٹی محمد افضل کھوکھر کی خصوصی ہدایت پر سہولت بازار میاں پلازہ میں چودھری رحمت علی ہسپتال کے زیرِ اہتمام فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔
میڈیکل کیمپ میں سینکڑوں مستحق اور نادار افراد نے شرکت کی اور مفت طبی سہولیات سے بھرپور استفادہ حاصل کیا۔ کیمپ میں جنرل میڈیسن، شعبۂ اطفال، شوگر چیک اپ اور بلڈ پریشر کے ماہر ڈاکٹرز نے اپنی خدمات انجام دیں، جبکہ مریضوں کو مفت معائنہ، تشخیص اور ادویات فراہم کی گئیں جس سے عوام کو نمایاں ریلیف ملا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز سہولت بازار صدام حسین نے میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا اور انتظامیہ و طبی عملے کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سہولت بازارز اتھارٹی چودھری رحمت علی ہسپتال کے تعاون سے عوامی خدمت کے مشن کو جاری رکھے گی اور مستقبل میں فری میڈیکل کیمپس کا دائرہ کار پورے پنجاب تک بڑھایا جائے گا۔شرکا کا کہنا تھا کہ ایسے فلاحی اقدامات معاشرے کے کمزور اور مستحق طبقات کے لیے امید کی ایک روشن کرن ہیں۔