کپاس کی اگیتی کاشت کے موضوع پر کاشتکاروں کا اجتماع
اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر اسلم ا ور ایگریکلچر آفیسر عبدالقیوم نے لیکچر دیا
ساہیوال (سٹی رپورٹر ) تحصیل ساہیوال کے گاؤں 130/9-L میں کپاس کی اگیتی کاشت کے موضوع پر کاشتکاروں کا اجتماع ہوا۔ پروگرام میں گرد و نواح کے علاقوں کے ترقی پسند کاشتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور جدید کپاس کی پیداواری ٹیکنالوجی میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹینشن (آئی پی ایم)پنجاب ڈاکٹر زاہد نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر اسلم نے اس بات پر زور دیا کہ کپاس کی اگیتی کاشت کے ساتھ ساتھ انٹیگریٹڈ پیسٹ مینجمنٹ (IPM)طریقوں کو اپنانا زیادہ پیداوار کے حصول اور لاگت میں کمی کے لیے نہایت اہم ہے۔
ایگریکلچر آفیسر ایکسٹینشن کمیر عبدالقیوم نے کپاس کی پیداواری ٹیکنالوجی پر جامع اور تکنیکی لیکچر دیا۔ زمین کی تیاری، سفارش کردہ اقسام، بیج کی مقدار، کاشت کا موزوں وقت، متوازن کھادوں کا استعمال، آبپاشی کا نظام الاوقات اور کیڑوں کے تدارک کی حکمتِ عملیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی جبکہ اگیتی کاشت کے فوائد پر خصوصی زور دیا گیا۔ ایگریکلچر آفیسر بایولوجیکل کنٹرول لیبارٹری ساہیوال ماریہ تحسین نے پائیدار زرعی نظام میں مفید کیڑوں کے کردار سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا مفید کیڑوں کے انڈوں پر مشتمل بایو کارڈز لیبارٹری سے بلامعاوضہ دستیاب ہیں۔ ڈاکٹر زاہد نے شرکا کو مختلف مفید کیڑوں کا عملی مظاہرہ کروایااورکسانوں کو ہدایت کی کہ وہ کپاس کی فصل میں آئی پی ایم کے تحت بایو کارڈز کا استعمال یقینی بنائیں۔