وزیر اعلیٰ کے روٹس کی خوبصورتی کیلئے کروڑوں کا منصوبہ
وزیر اعلیٰ آفس اوررہائشگاہ کو جانیوالے راستوں کی تزئین و آرائش کی جائیگی
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )لاہور میں وزیر اعلیٰ کے روٹس کی خوبصورتی کیلئے اربن بیوٹی پراجیکٹ شروع کرنے کی تیاریاں مکمل،پی ایچ اے نے وزیر اعلیٰ آفس اور انکی رہائش گاہ کو جانے والے راستوں پر کروڑوں روپے خرچ کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا۔پائن ایونیو اور جاتی امراروڈ کی گرین بیلٹس پر نئی شجرکاری اور تزئین و آرائش کی جائیگی۔جاتی امرا روڈ کی خوبصورتی پر ایک کروڑ95لاکھ خرچ کیے جائینگے ۔ پائن ایونیو روڈ کی تزئین و آرائش کیلئے 62 لاکھ مختص کیے گئے ہیں۔وزیر اعلیٰ آفس کے روٹ مال روڈ کی گرین بیلٹ پر بھی پودے اور سبزہ لگانے کیلئے ایک کروڑ 36لاکھ خرچ کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے ۔ان روٹس کی خوبصورتی پر مجموعی طور پر 3 کروڑ93لاکھ خرچ کیے جائینگے ۔منصوبے کے تحت گرین بیلٹس کی خوبصورتی اور نمایاں تاثر کیلئے آرائشی لائٹس بھی لگائی جائینگی۔دوسری جانب شہری علاقوں کی متعدد سڑکیں اور گرین بیلٹس بنیادی سہولیات اور دیکھ بھال کی منتظر ہیں جبکہ پی ایچ اے وزیر اعلیٰ کے زیرِ استعمال روٹس کو ترجیح دے رہی ہے ۔