لاہور میں بسنت کیلئے 12نکاتی ضابطہ اخلاق جاری

لاہور میں بسنت کیلئے 12نکاتی ضابطہ اخلاق جاری

پولیس کو چھتوں اور مختلف مقامات کے معائنے کے خصوصی اختیارات تفویض

 لاہور(کرائم رپورٹر،آن لائن،اے پی پی) پنجاب پولیس نے رواں ماہ صوبہ بھر میں اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزیوں پر 2621ملزموں کو گرفتار ،2550 کیخلاف مقدمات درج کر لئے ۔دوسری طرف لاہور بسنت فیسٹیول کیلئے 12 نکاتی ضابطہ اخلاق جاری کر دیا گیا ہے ۔گزشتہ روز شیرا کوٹ پولیس نے ناکہ پر مشروبات کی آڑ میں خطرناک کیمیکل ڈور و نان رجسٹرڈ پتنگوں سے لدا کنٹینر برآمد کر کے 2 ملزم گرفتار کر لئے ۔ تفصیلات کے مطابق رواں  سال کے پہلے ماہ صوبہ بھر میں پولیس کی کارروائیوں کے دوران 1 لاکھ 86 ہزار 944 پتنگیں اور 4184ڈور چرخیاں برآمد کی گئیں۔

اسی دوران لاہور میں کریک ڈاؤن کے دوران 1181 ملزم گرفتار ہوئے اور ان سے 53 ہزار سے زائد پتنگیں اور 1073 ڈورکی چرخیاں برآمد کی گئیں ۔علاوہ ازیں ناکہ شیرا کوٹ پر پولیس نے کنٹینر سے نان رجسٹرڈ 10 ہزار سے زائد پتنگیں،15 خطرناک کیمیکل ڈور کی چرخیاں برآمد کر کے اویس اور ارشاد کوگرفتار کر لیا۔پولیس ترجمان کے مطابق کنٹینر کراچی سے لاہور سپلائی کیلئے آ رہا تھا،ملزموں نے پتنگوں کو مہارت کے ساتھ مشروبات کے پیچھے چھپا رکھا تھا۔  پولیس کو چھتوں اور مختلف مقامات کے معائنے کے خصوصی اختیارات تفویض کردیئے گئے۔

دوسری طرف بسنت فیسٹیول 2026 کے موقع پر شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے لاہور میں جامع حفاظتی انتظامات نافذ کر دئیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے 6 تا 8 فروری کو پتنگ بازی فیسٹیول کیلئے 12 نکاتی سخت ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا ، جس کا اطلاق لاہور بھر کے تمام مقامات بشمول عمارتوں اور چھتوں پر ہوگا۔ ضلعی افسر وں اور پولیس کو چھتوں اور مختلف مقامات کے معائنے کے خصوصی اختیارات تفویض کر دئیے گئے ہیں۔جاری ضابطہ اخلاق کے مطابق خطرناک ڈور، دھاتی، کیمیائی اور نائیلون ڈور کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی ۔ لاہور میں موٹر سائیکلوں پر سیفٹی راڈز کی تنصیب کو لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ عوامی سکون میں خلل ڈالنے والے ساؤنڈ سسٹمز پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں