بسنت :جنرل ہسپتال میں ملازمین کی چھٹیاں منسوخ
ہسپتال 6 اور7 فروری کو آؤٹ ڈور معمول کے مطابق کھلا رہے گا
لاہور(اے پی پی)لاہور جنرل ہسپتال میں یومِ کشمیر اور جشنِ بسنت کے پیشِ نظر تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ مریضوں کو بلا تعطل طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہیلتھ پروفیشنلز الرٹ رہیں گے ۔ پرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے بتایا کہ ان ایام کے دوران 5 سے 8 فروری تک تمام ملازمین کی چھٹیوں پر مکمل پابندی عائد رہے گی جبکہ ہسپتال 6 اور7 فروری کو آؤٹ ڈور مریضوں کے لیے معمول کے مطابق کھلا رہے گا۔انہوں نے ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین اور نرسنگ سپرنٹنڈنٹ صائمہ فتح کو ہدایت کی کہ ایمرجنسی سمیت تمام شعبوں کا عملہ ہمہ وقت الرٹ رہے جبکہ غیر حاضر ملازمین کے خلاف فوری اور سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے ۔اس موقع پر ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایمرجنسی میں جان بچانے والی ادویات کی وافر مقدار دستیاب ہے اور بلڈ بینک میں خون کا مناسب ذخیرہ بھی یقینی بنا لیا گیا ہے ۔ تمام ایمبولینسز کو اسٹینڈ بائی رکھا گیا ہے جبکہ شعبہ ورکس کو جنریٹرز ہمہ وقت فعال رکھنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔