لاکھوں اساتذہ کو اے سی آر آ ن لائن جمع کرانے میں مشکلات
آن لائن اے سی آر سسٹم بند ہونے سے اساتذہ کی ترقیاں التوا کاشکار
لاہور(خبر نگار)پنجاب بھر کے لاکھوں اساتذہ گزشتہ دو سال سے اپنی سالانہ کارکردگی رپورٹ آن لائن جمع کرانے میں مشکلات کا شکار ہیں۔ آن لائن اے سی آر سسٹم بند ہونے کے باعث اساتذہ کی ترقیاں بھی التوا کا شکار ہو چکی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر کے تین لاکھ سے زائد اساتذہ گزشتہ دو سالوں سے اپنی سالانہ کارکردگی رپورٹ یعنی اے سی آر آن لائن جمع کروانے کے لیے خوار ہیں۔
ذرائع کے مطابق پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی جانب سے تیار کی گئی ایچ آر ایم ایس ایپ گزشتہ دو برس سے غیر فعال ہے ، جس کے باعث اساتذہ کی آن لائن اے سی آرز جمع نہیں ہو سکیں۔پروگرام مانیٹرنگ اینڈ ایمپلیمنٹیشن یونٹ بھی ایچ آر ایم ایس ایپ کو فعال بنانے میں ناکام رہا۔ آخری بار سال 2023 میں اساتذہ کی آن لائن اے سی آرز جمع کی گئی تھیں، جبکہ سال 2024 اور 2025 کی اے سی آرز تاحال وصول نہیں کی جا سکیں۔محکمہ تعلیم کے ریکارڈ کے مطابق اساتذہ کی سالانہ کارکردگی رپورٹس صرف سال 2020 سے 2023 تک جمع ہوئیں، جبکہ اس کے بعد کا ڈیٹا مکمل طور پر غائب ہے ۔