ضلع ننکانہ کے تعلیمی اداروں میں یکجہتی کشمیر پروگرامز کا اہتمام
طلبہ نے تقاریر، ملی نغمے ، ٹیبلوز پیش کرکے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیا
ننکانہ صاحب (خبر نگار)یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے محکمہ تعلیم کی جانب سے ننکانہ ضلع کے تمام تعلیمی اداروں میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے خصوصی پروگرامز منعقد کیے گئے ۔طلبا و طالبات نے تقاریر، ملی نغمے ، ٹیبلوز پیش کرکے کشمیری عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا اور آزادی کشمیر کے حق میں نعرے لگائے ۔ سی ای او ایجوکیشن ننکانہ شازیہ بانو نے کہا کہ 5 فروری مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ پاکستان کے غیر متزلزل عزم اور لازوال یکجہتی کا عملی اظہار ہے۔
اقوام متحدہ، عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں اور دیگر بین الاقوامی اداروں کی یہ اخلاقی و انسانی ذمہ داری ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کا فوری نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق خودارادیت دلوانے کیلئے مؤثر کردار ادا کریں۔ شازیہ بانو نے کہا کہ طلبہ کی جانب سے بنائی گئی خوبصورت اور مؤثر پینٹنگز میں رنگوں کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم، انسانی حقوق کی پامالی اور کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی بھرپور عکاسی کی گئی ہے ۔