کالجز میں نان ٹیچنگ سٹاف کی اجارہ داری ختم کرنے کا فیصلہ
برسوں سے ایک ہی پوسٹ پرتعینات ملازمین کو تبدیل کرنے کی تیاری
لاہور(خبر نگار)لاہور ڈویژن کے کالجز میں نان ٹیچنگ سٹاف کی اجارہ داری ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔ برسوں سے ایک ہی پوسٹ اور ایک ہی کالج میں تعینات ملازمین کو تبدیل کرنے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ڈویژن کے سرکاری کالجز میں نان ٹیچنگ سٹاف کی اجارہ داری ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق عرصہ دراز سے ایک ہی پوسٹ پر تعینات کلرکس اور دیگر نان ٹیچنگ ملازمین کو ہٹانے کا منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے ۔بعض نان ٹیچنگ سٹاف گزشتہ تیس تیس سال سے ایک ہی کالج میں تعینات ہے ، جس کے باعث انتظامی معاملات میں اجارہ داری قائم ہو چکی ہے ۔تمام نان ٹیچنگ سٹاف کا مکمل ڈیٹا جمع کر لیا گیا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس عمل میں سٹاف کو ضلع بدر نہیں کیا جائے گا، بلکہ نان ٹیچنگ ملازمین کو ایک کالج سے اٹھا کر اسی ڈویژن کے دوسرے کالجز میں تعینات کیا جائے گا۔