جی سی یونیورسٹی کے زیر اہتمام آرکائیوز کی اہمیت پرسیمینار
آرکائیوز کو گورننس سے منسلک کر کے کارکردگی بہتر بنائی جا سکتی:مقررین
لاہور( سٹاف رپورٹر) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے شعبہ آرکائیو سٹڈیز کے زیر اہتمام ‘‘سٹوریج ٹو سٹریٹجی: آرکائیوز اِنٹو گورننس ایسیٹس - اے ڈائیلاگ امنگ سٹیک ہولڈرز’’ کے عنوان سے اہم فکری سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں ماہرین تعلیم، پالیسی سازوں اور سرکاری اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ سیمینار کا بنیادی مقصد آرکائیوز کو محض ریکارڈ محفوظ کرنے کی جگہ کے بجائے گورننس، پالیسی سازی، شفافیت اور تحقیق کیلئے ایک فعال اثاثہ بنانے کی ضرورت کو اجاگر کرنا تھا۔ڈاکٹر لبنیٰ اکرم نے افتتاحی خطاب میں کہا کہ منظم ریکارڈ نہ صرف ادارہ جاتی یادداشت کو محفوظ رکھتے ہیں بلکہ مؤثر فیصلہ سازی میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ڈاکٹر عدنان طارق نے کہا کہ آرکائیوز کو محض تاریخی ذخیرے کے طور پر دیکھنے کے بجائے انہیں علمی تحقیق،انتظامی منصوبہ بندی اور پالیسی سازی کا بنیادی ماخذ بنایا جانا چاہیے ، جدید ریکارڈ مینجمنٹ اور ڈیجیٹل سہولیات کے فروغ کے ذریعے اداروں کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے ۔پروفیسر ڈاکٹر فراز انجم کا کہناتھا کہ آرکائیوز کسی بھی قوم کی اجتماعی یادداشت ہوتے ہیں جن کے بغیر مستند تاریخ اورمعیاری تحقیق ممکن نہیں۔