بار ایسوسی ایشنز کیلئے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی گئی
منصوبوں کی جلدتکمیل کیلئے متعلقہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز سے رابطوں کی ہدایت
لاہور(این این آئی)پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین خواجہ قیصر بٹ اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی فخر حیات اعوان نے کہا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان نے صوبے بھر کی بار ایسوسی ایشنز کیلئے فلاحی و ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی ہے ،صوبے بھر کی ضلعی اور تحصیل بار ایسوسی ایشنز متعلقہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کے ساتھ مشاورت اور رابطے یقینی بنائیں اورجلد اجلاس منعقد کریں تاکہ وکلا کی بہبودکے منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل ممکن ہو سکے ۔ تمام ضلعی اور تحصیل بارز کے صدور کو مراسلہ میں کہا گیا ہے ان منصوبوں میں بار ایسوسی ایشنز میں سولرائزیشن، جدید ای لائبریریز کا قیام، خواتین وکلا کیلئے علیحدہ بار رومز ، ڈے کیئر سینٹرز کی سہولت اورپینے کے صاف پانی فراہمی کیلئے فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب شامل ہے ۔مراسلے میں تمام بار ایسوسی ایشنز کے صدور کو ہدایت کی گئی ہے کہ ہر بار ایسوسی ایشن ایک فوکل پرسن ترجیحاًسیکرٹری بارکو رابطے کیلئے فوکل پرسن کی ذمہ داری سونپے ۔ صدور اور سیکرٹریزکے نام، موبائل نمبرز بھی پنجاب بار کونسل کو فراہم کئے جائیں تاکہ موثر رابطہ قائم رکھا جا سکے ۔