چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں پرورش پانے والے بچوں کے اجتماعی نکاح کی تقریب
لاہور(لیڈی رپورٹر)چائلڈ پروٹیکشن بیورو لاہورکے زیرِ اہتمام پرورش پانیوالے بچوں کے اجتماعی نکاح کی تقریب ہوئی، جسکی قیادت چیئرپرسن و رکنِ صوبائی اسمبلی سارہ احمد نے کی۔ دو لڑکوں اور تین لڑکیوں کو رشتۂ ازدواج میں منسلک کیا گیا۔
ارسلان شوکت کا نکاح عائشہ خالد جبکہ شاہزیب عظمت کا نکاح آمنہ شہزاد سے انجام پایا۔ یہ دونوں جوڑے دس سال سے زائد عرصہ بیورو میں مقیم رہے اور اب انکی عمریں بیس برس سے زیادہ ہیں۔ سمیرا عارف کی شادی عمران سے انجام پائی۔ سارہ احمد نے بتایا کہ ان بچوں کو اپنے والدین یا لواحقین بارے معلومات نہیں تھیں، بیورو میں قیام کے دوران انہیں تعلیم کیساتھ ہنر سکھائے گئے جس سے وہ باعزت اور خودمختار زندگی گزارنے کے قابل ہو چکے ہیں۔ تقریب میں ڈی جی، ڈائریکٹرز، عملے اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔جبکہ نوبیاہتا جوڑوں کی ولیمہ تقریب عیدالفطر کے بعد ہوگی۔