رمضان میں فول پروف سکیورٹی کیلئے ہدایات جاری
کالعدم تنظیموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی سرگرمیوں پر مکمل پابندی ہوگی ،چاروں اضلاع میں سکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کے لیے کنٹرول روم قائم ہو گا
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) آر پی او سرگودھا ریجن شہزاد آصف خان نے ریجن کے چاروں اضلاع سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور بھکر میں ماہ رمضان المبارک کے دوران فول پروف سیکیورٹی انتظامات کی گائیڈ لائنز اور ہدایات جاری کر دی ہیں۔ہدایات کے مطابق چاروں اضلاع کے ڈی پی اوز اپنے اپنے اضلاع میں تیار کردہ سیکیورٹی پلان کی ہر شق پر مکمل عمل درآمد کروانے کے پابند ہوں گے ۔ مساجد اور عبادت گاہوں میں ہونے والی مذہبی تقریبات کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، جبکہ ضلعی پولیس افسران تمام نمازوں کے اوقات، خصوصاً نماز فجر اور تراویح کے دوران سخت سیکیورٹی چیکنگ کے انتظامات یقینی بنائیں گے ۔ماہ رمضان کے دوران پولیس قومی شاہراہوں سمیت ریجن کی تمام شاہرات پر 24/7 گشت کرے گی۔ آر پی او نے ہدایت کی کہ رمضان میں نیشنل ایکشن پلان پر پہلے سے زیادہ سپرٹ کے ساتھ عمل درآمد کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ وال چاکنگ، لاوڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی، کرایہ داری ایکٹ، ناجائز اسلحہ کی نمائش، نفرت انگیز مواد کی تشہیر اور سیکیورٹی آف ولنرایبل اسٹیبلشمنٹ ایکٹ کی خلاف ورزیوں پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ کالعدم تنظیموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی سرگرمیوں پر مکمل پابندی ہوگی اور قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔آر پی او نے بتایا کہ ریجن کے چاروں اضلاع میں سکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کے لیے آر پی او آفس میں 24 گھنٹے فعال کنٹرول روم قائم کیا جا رہا ہے ۔