اربن فلڈنگ کم کرنیکا منصوبہ ،پی سی ون تیار نہ ہو سکا
50 پارکس ، 15گرین بیلٹس میں تعمیراتی سرگرمیوں کیلئے منظوری نہ مل سکی
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )لاہور میں بارشوں پر اربن فلڈنگ کے خطرات کم کرنے اور زیرزمین پانی کی سطح بہتر بنانے کیلئے پارکس اور گرین بیلٹس کو گہرا کرنے کا مشترکہ منصوبہ شروع کیا گیا مگر پی سی ون تیار نہ ہو سکا۔ محکمہ ہاؤسنگ اور واسا کی عملی پیشرفت سوالیہ نشان بن گئی۔منصوبے کے تحت 50سے زائد پارکس اور15گرین بیلٹس کا انتخاب کرکے دعویٰ کیا گیا کہ منتخب مقامات کی گہرائی بڑھا کر بارشی پانی کو محفوظ بنایا جائیگا تاکہ نا صرف نکاسی آب کا دباؤ کم ہو بلکہ گراؤنڈ واٹر ریچارج بھی ممکن ہو سکے ۔محدود علاقوں گنج بخش ٹاؤن کے چھ، راوی ٹاؤن کے چار اور گلبرگ ٹاؤن کے دو پارکس میں عملی سرگرمیاں ہوئیں تاہم باقی منتخب پارکس اور گرین بیلٹس میں پیشرفت دکھائی نہ دی۔گراؤنڈ واٹر ریچارج ویلز کی تعمیر بھی اسی منصوبے کا حصہ تھی۔ گلبرگ کے لبرٹی چوک، مراتب علی روڈ اور ایچ بلاک میں ریچارج ویلز مکمل کرنے کا دعویٰ سامنے آیا جبکہ جوہر ٹاؤن اللہ ہو چوک، جی تھری بلاک اور بی بلاک میں کام جاری بتایا گیا لیکن دسمبر تک تکمیل کا اعلان پورا نہ ہو سکا۔ذرائع کے مطابق 50 سے زائد پارکس اور 15گرین بیلٹس میں تعمیراتی سرگرمیوں کیلئے باضابطہ پی سی ون کی منظوری بھی نہ مل سکی جسکے باعث مالیاتی وانتظامی رکاوٹیں برقرار رہیں۔منصوبے پر سست رفتار عملدرآمد سے آئندہ مون سون بارشوں پرصورتحال بہتر ہونے کے امکانات محدود دکھائی دیتے ہیں۔