ہسپتالوں کی اوپی ڈیزمیں محکمانہ احکامات کی خلاف ورزی
جنرل ہسپتال اوپی ڈی میں کھانسی،نزلہ زکام ،الرجی ، گائنی کی ادویات ناپید
لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )سرکاری ہسپتالوں کے آؤٹ ڈورز شعبوں میں محکمہ صحت کے احکامات کی کھلی خلاف ورزی ،لاہور جنرل ہسپتال کے آؤٹ ڈور میں ادویات نایاب ہوگئیں۔ ہسپتال انتظامیہ مریضوں کو سوفیصد مفت ادویات دینے میں ناکام،ہسپتال ذرائع کے مطابق کھانسی کا سیرپ، الرجی کی گولیاں ، گائنی کی میڈیسن آؤٹ ڈور میں نایاب ہیں۔ اسی طرح آؤٹ ڈور میں کیلشیم اور وٹامن کمی کی ادویات سمیت قبض کا سیرپ بھی نایاب ہوچکا ہے ۔مریضوں کی بڑی تعداد روزانہ مایوس ہوکر جارہی ہے ۔محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کے نوٹیفکیشن میں کریٹیکل اسنشل میڈیسن لسٹ میں 146 ادویات شامل ہیں جبکہ جنرل ہسپتال کے آؤٹ ڈور میں صرف 41ادویات مہیا کی جارہی ہیں۔محکمہ صحت کے ترجمان حماد رضا کا کہنا ہے کہ ہمیں کسی بھی ہسپتال سے ایسی کوئی شکایت نہیں آئی،آئے تو انتظامیہ سے کہہ کر فوری شکایت کا ازالہ کیا جاتا ہے ، ہم وزیر اعلی ٰکی ہدایت پر تمام ہسپتالوں میں مفت ادویات مہیا کررہے ہیں۔