پولیس کاناروا رویہ ،تھانوں کا مانیٹرنگ نظام بدلنے کا فیصلہ
اہلکاروں کی باڈی کیم فوٹیج سیف سٹی کوفراہم ،پھر وزیراعلیٰ کو رپورٹ دی جائیگی
لاہور(مجاہد شیخ سے )وزیراعلیٰ مریم نوازکا پولیس کے ناروا سلوک اور عوامی شکایات پرصوبے بھر میں تھانوں کے مانیٹرنگ نظام میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ،تھانوں کا مانیٹرنگ سسٹم باقاعدہ طور پر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے سپرد کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیاگیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق اب پولیس اہلکاروں کی باڈی کیم فوٹیج براہِ راست سیف سٹی اتھارٹی کو فراہم کی جائیگی جبکہ اس فوٹیج کی باقاعدہ رپورٹ بھی وزیراعلیٰ کو پیش کی جائیگی۔ اس اقدام کا مقصد پولیس کے رویوں کی مؤثر نگرانی اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنانا ہے ۔تھانوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی سیف سٹی کے مرکزی نظام کے ذریعے متعلقہ اعلیٰ دفاتر کو دستیاب ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور کے داخلی و خارجی راستوں کی مکمل نگرانی بھی سیف سٹی کے پاس ہوگی تاکہ سکیورٹی اور جرائم کی روک تھام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے ۔باڈی کیمروں کی نئی خریداری بارے سمری وزیراعلیٰ کو ارسال کر دی گئی جبکہ پولیس ریفارمز کمیٹی نئی مانیٹرنگ پالیسی کی حتمی منظوری دے گی۔