گھی ، آئل نرخ مسلسل بڑھاکرکمپنیوں نے رمضان آفر لگادی
دسمبرمیں درجہ اول گھی 580،دام بڑھاکر 605کرکے 15روپے کمی کا’’ڈرامہ ‘‘
لاہور( کامرس رپورٹر)گھی و کوکنگ آئل کے نرخوں میں کمی کا’’ڈرامہ ‘‘، دسمبر میں ملنے والا درجہ اول گھی 580 روپے کلو تھا ۔ کمپنیوں نے نرخوں میں مسلسل اضافہ کرکے قیمت605 روپے تک پہنچاکر رمضان آفر لگاکر 15 روپے کمی کردی۔ کمپنیوں کا ’’کمال‘‘پہلے دام بڑھاؤ پھر آفر لگا کر قیمتیں کم کردو ۔درجہ اول گھی و آئل بنانیوالی کمپنیوں نے پہلے قیمتیں بڑھائیں پھر رمضان آفر لگادی،دسمبر2025 میں درجہ اول گھی 580 روپے کلو تھاجسے مسلسل مہنگا کرکے 605 روپے کلو کی سطح پر پہنچایا گیااب کمپنیوں نے وہی 580 والا گھی 15 روپے کی آفر لگا کر 590 روپے کلو کردیا،یہی کچھ درجہ اول کے خوردنی تیل کیساتھ کیاگیا،درجہ دوم گھی 530 روپے کلو پر برقرار ہے ، آئل کے نرخ 10 روپے بڑھاکر قیمت 540 روپے لٹر کردی گئی ۔صدرکریانہ مرچنٹس ایسوسی ایشن حافظ عارف کاکہناہے کہ کمپنیاں عرصہ سے ہر سال قیمتوں میں اضافہ کرتی ہیں پھر رمضان آفر کے نام پر کم کر دیتی ہیں ـ جبکہ خریداروں کاکہناہے کہ پہلے قیمتیں بڑھائی گئیں پھر ریلیف کے نام پر کم کردیں یہ کونسی کمی ہے ؟۔گھی و کوکنگ کا استعمال ماہ رمضان میں معمول کے مقابلے زیادہ ہوجاتا ہے ، کمپنیاں اسی کا فائدہ اٹھاتی ہیں ـ۔