پلاسٹک فیکٹری میں ایک کروڑ کی بجلی چوری پکڑ ی گئی
لیسکو اہلکار وں سے بدتمیزی ،ملزم میٹراتارکرفرار،قانونی کارروائی جاری
لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے )لیسکو ایسٹرن سرکل کی بجلی چوروں کیخلاف بڑ ی کارروائی ،ایک کروڑ کی بجلی چوری پکڑ ی گئی۔کوٹ دھونی چند کے علاقے میں چیکنگ کے دوران پلاسٹک فیکٹری پر بوگس میٹر نصب پایا جسکا ڈسپلے واش تھا۔مزید جانچ پڑتال کے دوران لوڈ چیک کیا گیا تو ایک فیز پر 67 ایمپیئر، دوسرے پر 63 ایمپیئر اور تیسرے پر 58 ایمپیئر ریکارڈ کیا گیا، جس سے واضح طور پر بجلی چوری ثابت ہوئی۔ ابتدائی تخمینے کے مطابق اس غیر قانونی عمل سے لیسکو کو تقریباً ایک کروڑ کا نقصان پہنچایا گیا۔موقع پر لیسکو اہلکار میٹر اتارنے لگے تو وہاں موجود افراد نے عملے سے بدتمیزی کی اور میٹر اتار کر فرار ہوگئے ۔ بجلی چوری پر ذمہ داران کیخلاف قانونی کارروائی جاری ہے ۔لیسکو چیف رمضان بٹ کا کہنا ہے کہ بجلی چوروں کیخلاف بلا امتیاز آپریشن جاری رہے گا ۔اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔