ایل ڈی اے سٹی :پلاٹ ٹرانسفر نظام میں بڑی تبدیلی منظور

ایل ڈی اے سٹی :پلاٹ ٹرانسفر نظام میں بڑی تبدیلی منظور

ایک ہی روز میں پلاٹ ٹرانسفر کی سہولت فراہم ، فیس بڑھا کر 15 ہزار کر دی گئی

لاہور (سٹاف رپورٹر سے )ایل ڈی اے سٹی میں پلاٹ ٹرانسفر کے نظام میں بڑی تبدیلی کی منظوری دیدی گئی۔ایک ہی دن میں پلاٹ ٹرانسفر کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان تاہم فیس میں اضافہ بھی کر دیا گیا۔فیصلے پر عملدرآمد گورننگ باڈی کے میٹنگ منٹس جاری ہونے سے مشروط ہوگا۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی نے ایل ڈی اے سٹی ہاؤسنگ سکیم میں پہلی بار ایگزیکٹو پلاٹ ٹرانسفر کی منظوری دیدی ،شہریوں کو ایک ہی دن میں پلاٹ ٹرانسفر کی سہولت دینے کا اعلان تاہم نئے نظام کے مطابق ارجنٹ اور نارمل کیٹیگری ختم کر دی گئی اور سنگل فیس سٹرکچر نافذ کیا جائے گا۔

اس سے قبل نارمل ٹرانسفر فیس 10 ہزار تھی تاہم نئی تجویز کے تحت یہ فیس بڑھا کر 15 ہزار مقرر کر دی گئی جس سے شہریوں پر اضافی مالی بوجھ پڑے گا۔ذرائع کے مطابق ایک بجے سے پہلے درخواست جمع کرانے پر درخواست گزار کو اسی روز ٹرانسفر لیٹر جاری کر دیا جائے گا، ایک بجے کے بعد موصول درخواستوں پر اگلے روز کارروائی ہوگی۔ ایل ڈی اے سٹی میں باقاعدہ دفتر قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو بار بار مرکزی دفتر کے چکر نہ لگانا پڑیں۔ مزید برآں ای بز سسٹم کے ذریعے بھی ٹرانسفر کی سہولت فراہم کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے اورپراسیس کو ڈیجیٹل بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں