پنجاب پولیس:6ماہ میں سالانہ ہدف کا 65 فیصد حاصل کر لیا
متعدد محکمے اہداف حصول میں پیچھے ، محکمہ آبپاشی محض 3ارب 48 کروڑ وصول کرسکا
لاہور (زاہدعابد)پنجاب حکومت کے نان ٹیکس ریونیو اہداف سے متعلق پہلی ششماہی رپورٹ کے اعداوشمار کے مطابق پنجاب پولیس سب سے نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے کماؤ پوت ثابت ہوئی ۔ذرائع کے مطابق پنجاب پولیس نے چھ ماہ میں اپنے سالانہ ہدف کا 65 فیصد حاصل کر لیا۔ رواں مالی سال کے بجٹ میں پولیس کا سالانہ نان ٹیکس آمدن ہدف 30 ارب 50 کروڑ مقرر کیا گیا تھا جس میں سے پہلی ششماہی کے دوران 19ارب 94 کروڑ جمع کیے گئے۔ پہلی سہ ماہی میں 7ارب 34 کروڑ جبکہ دوسری میں 12 ارب 60کروڑ وصول، ٹریفک چالانز اس آمدن کا سب سے بڑا ذریعہ قرار،محکمہ خزانہ تقریباً 50 فیصد ہدف حاصل کرتے ہوئے 123ارب کے سالانہ ہدف کے مقابلے میں 58 ارب جمع کر کے دوسرے نمبر پر رہاتاہم متعدد محکمے اہداف حصول میں پیچھے رہ گئے ۔ بورڈ آف ریونیو 30 ارب کے مقابلے میں صرف 4 ارب 67کروڑ اکٹھے کر سکا۔ محکمہ آبپاشی نے 25ارب سالانہ ہدف کے مقابلے میں محض 3 ارب 48کروڑ وصول کیے ۔محکمہ مائنز اینڈ منرلز نے 30 ارب ہدف کے مقابلے میں چھ ماہ میں 10ارب 55کروڑ آمدن حاصل کی۔مجموعی طور پر پنجاب کا سالانہ نان ٹیکس وصولی ہدف 303ارب مقرر ہے جبکہ پہلی ششماہی میں مختلف محکموں کی مجموعی وصولیاں 117 ارب تک پہنچ سکیں۔ کئی محکمے اہداف سے پیچھے ہیں۔