سی ٹی ڈی سکیورٹی نظام کی فوری اپ گریڈیشن کا فیصلہ
سی ٹی ڈی کیلئے ڈیڑھ ارب منظور، جدید سکیورٹی آلات ، ٹیکنالوجی پر خرچ ہونگے
لاہور(محمد حسن رضا سے )پنجاب میں دہشتگردی کے بدلتے طریقہ کار اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پرحکومت نے سی ٹی ڈی سکیورٹی نظام کی فوری اپ گریڈیشن کا فیصلہ کرلیا۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے کابینہ کو بریفنگ میں انکشاف کیا کہ دہشتگرد نیٹ ورکس اب منظم ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، جدید کمیونیکیشن سسٹمز اور ڈرون ٹیکنالوجی استعمال کر رہے ہیں، سکیورٹی اداروں کو جدید آلات ، وسائل کی کمی کا سامنا ہے ۔ حکومتی دستاویزات کے مطابق سی ٹی ڈی نے آپریشنل صلاحیت بڑھانے کیلئے تین ارب مانگے تھے تاہم حکومت نے فوری ڈیڑھ ارب کی منظوری دیدی جو جدید سکیورٹی آلات اور ٹیکنالوجی کی خریداری پر خرچ کی جائیگی۔مشکوک سرگرمیوں کی پیشگی نشاندہی، ڈیٹا اینالیسز اور نیٹ ورک ٹریسنگ کیلئے اے آئی بیسڈ سافٹ ویئر خریدا جائے گا۔ فورتھ شیڈول افراد کی مؤثر نگرانی کیلئے جدید جی پی ایس اور موبائل مانیٹرنگ سسٹم نصب کیے جائینگے ۔فیلڈ آپریشنز کیلئے جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول گاڑیاں لی جائینگی۔ خطرناک اور ہائی رسک علاقوں میں بکتر بند گاڑیاں فراہم کی جائینگی جبکہ دہشتگردوں کیخلاف مؤثر آپریشن کیلئے جدید سالٹ ویپنز اور ایکسیسریز بھی خریدی جائینگی۔ تھرمل کیمرے ، جدید سرویلنس ڈیوائسز بھی پلان کا حصہ ہیں۔