سکولوں میں اضافی کمروں کی تعمیر بارے پالیسی تبدیل
تعمیراتی کام دوبارہ سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے کرایا جائے گا:حکام
لاہور(خبر نگار) محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے سکولوں میں اضافی کمروں کی تعمیر سے متعلق پالیسی میں تبدیلی کر دی ہے ۔ محکمہ تعلیم نے فیصلہ کیا ہے کہ تعمیراتی کام دوبارہ سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے کرایا جائے گا۔حکام کے مطابق سکول کونسلوں کے ذریعے زیر تعمیر 7 ہزار 358 ایڈیشنل کلاس رومز تک رولز میں نرمی کی منظوری دی گئی ہے جبکہ ان کے علاوہ تمام نئی تعمیرات کو مروجہ پیپرا رولز کے تحت منظوری لینا ہوگی۔ محکمہ تعلیم کے مطابق سکولوں میں زیر تعمیر 7 ہزار 358 ایڈیشنل کلاس رومز کو ٹیکسز میں بھی چھوٹ دی جائے گی تاکہ جاری منصوبے مکمل کیے جا سکیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے اعتراضات کے بعد ان اضافی کلاس رومز کی تعمیر روک دی گئی تھی جس کے باعث متعدد سکولوں میں تعمیراتی کام متاثر ہوا تھا۔پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں تقریباً 30 ہزار نئے کلاس رومز بنانے کا اعلان کیا تھا۔ حکام کے مطابق سکول مینجمنٹ کے تحت ایک کمرہ 12 سے 14 لاکھ روپے میں تعمیر ہونے کا تخمینہ تھا جبکہ سی اینڈ ڈبلیو کے ذریعے فی کمرہ لاگت تقریباً 24 لاکھ روپے بتائی گئی تھی۔