سکولوں کو دئیے گئے نان سیلری بجٹ میں کٹ لگنے کا انکشاف
بنیادی سہولیات اور طلبہ کی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے فنڈز جاری :حکام
لاہور(خبر نگار)لاہور کے سرکاری سکولوں کو دیے جانے والے نان سیلری بجٹ میں کٹ لگنے کا انکشاف ہوا ہے ۔ سکول سربراہان کا کہنا ہے کہ فنڈز ضروریات اور طلبہ کی تعداد کے مطابق تقسیم نہیں کیے جا رہے ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے سرکاری سکولوں کیلئے جاری کیے جانے والے نان سیلری فنڈز کی تقسیم پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کئی سکولوں کو معمولی فنڈز جاری کیے گئے جس سے بنیادی اخراجات پورے کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے ۔دستاویزات کے مطابق گورنمنٹ گرلز ہائی سکول گجر کالونی جوڑے پل کو پانچ لاکھ چھیاسی ہزار روپے جبکہ گورنمنٹ مڈل سکول گوہاوا کالونی کو چار لاکھ پینسٹھ ہزار روپے کے فنڈز جاری کیے گئے ۔ اسی طرح گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کاہنہ نو کو تین لاکھ پینتالیس ہزار اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول رینجرز کالونی کو دو لاکھ اٹھاون ہزار روپے فراہم کیے گئے ۔دوسری جانب پی ایم آئی یو حکام کا مؤقف ہے کہ سکولوں کو بنیادی سہولیات اور طلبہ کی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔ اور وسائل کی بہتری کیلئے مزید اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر سکولوں کو مناسب نان سیلری بجٹ فراہم نہ کیا گیا تو بنیادی سہولیات کی کمی تعلیمی معیار کو متاثر کر سکتی ہے ۔