موٹروے پر تبدیل شدہ حدرفتار، 6ہزار سے زائد ٹریفک چالان
مختلف مقامات پر روڈ یوزرز کو نئی حدِ رفتار کے حوالے سے آگاہی بھی فراہم
لاہور (کرائم رپورٹر) حکومت کی جانب سے قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر تبدیل شدہ حدِ رفتار پر عملدرآمد جاری ہے ۔ ترجمان سینٹرل زون کے مطابق مقررہ حدِ رفتار کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں اور اب تک چھ ہزار سے زائد ٹریفک چالان عائد کیے جا چکے ہیں۔ترجمان کے مطابق ڈرائیورز کو آگاہی فراہم کرنے کے لیے قومی شاہراہوں، ٹول پلازوں اور دیگر اہم مقامات پر 1100 سے زائد ٹریفک سائن بورڈز اور آگاہی بینرز نصب کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ موٹروے پولیس کے افسران اور اہلکار مختلف مقامات پر روڈ یوزرز کو نئی حدِ رفتار کے حوالے سے آگاہی بھی فراہم کر رہے ہیں۔موٹروے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا سمیت دیگر پلیٹ فارمز کے ذریعے بھی حدِ رفتار سے متعلق مسلسل آگاہی مہم جاری ہے تاکہ شہریوں کو نئے قواعد و ضوابط سے مکمل طور پر آگاہ کیا جا سکے۔ جبکہ حدِ رفتار میں تبدیلی وزیرِ اعظم پاکستان کی ہدایات پر توانائی کے مؤثر استعمال اور ایندھن کی بچت کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے ۔ موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی اور دوسروں کی حفاظت کے لیے مقررہ حدِ رفتار کی پابندی کریں۔