جعلی دودھ بنانیوالا گروہ بے نقاب، 800 لٹر دودھ تلف
4 بیگ دودھ پاؤڈر، 10 گھی ٹین، چلر، مشین، ہیٹر، پلاسٹک ڈرم برآمد
لاہور(خبر نگار)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے غذائی دہشتگردی کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے نواحی علاقے چک 46 میں جعلی دودھ تیار کرنیوالا گروہ بے نقاب کردیا اور800لٹر جعلی دودھ تلف کر دیا۔ ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی کے دوران ایک حویلی میں قائم جعلی دودھ بنانے کی فیکٹری پکڑی گئی، جہاں ملزمان شکیل احمد اور جمیل احمد چھپ کر ہزاروں لٹر جعلی دودھ تیار کر رہے تھے ۔
کارروائی کے دوران 4 بیگ دودھ پاؤڈر، 10 گھی ٹین، چلر، مشین، ہیٹر، پلاسٹک ڈرم، پلنجر اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا گیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق موقع سے حاصل کیے گئے دودھ کے نمونے لیبارٹری ٹیسٹ میں ناقص قرار پائے ۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ جعلی دودھ پاؤڈر، پانی، ویجیٹیبل آئل اور مختلف کیمیکلز ملا کر تیار کیا جا رہا تھا جو انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر ہیں۔حکام کے مطابق جعلسازی کے اس مکروہ دھندے میں ملوث افراد کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا، ضبط شدہ سامان بھی سرکاری تحویل میں لے لیا گیا ہے۔