دیگر شہروں کو واپسی کا سلسلہ تیز، بس اڈوں پر غیر معمولی رش
لمبی قطاریں، بسوں کی کمی اور اوور چارجنگ کی شکایات سے شہری پریشان
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )عید کے قریب آتے ہی لاہور سے دیگر شہروں کو واپسی کا سلسلہ تیز، بس اڈوں پر غیر معمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے ، سٹی بس ٹرمینل پر ٹکٹ کا حصول اور بس میں سوار ہونا مسافروں کے لیے بڑا چیلنج بن گیا، لمبی قطاریں، بسوں کی کمی اور اوور چارجنگ کی شکایات نے شہریوں کو پریشان کر دیا، سروے کے مطابق عید کی آمد کے ساتھ ہی پردیسیوں کی بڑی تعداد نے اپنے آبائی علاقوں کا رخ کرنا شروع کر دیا ہے ، جس کے باعث لاہور کے لاری اڈوں اور بس ٹرمینلز پر غیر معمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے ۔ سٹی بس ٹرمینل اور دیگر نجی ٹرمینل بند روڈ پر ٹکٹ کاؤنٹرز کے باہر مسافروں کی طویل قطاریں لگی ہوئی ہیں، جہاں شہری گھنٹوں انتظار کرنے پر مجبور ہیں۔صورتحال اس وقت مزید مشکل ہو جاتی ہے جب ٹکٹ ملنے کے باوجود بس میں جگہ نہ ملے ، کیونکہ بیشتر گاڑیاں پہلے ہی مسافروں سے مکمل بھر چکی ہیں۔ اضافی رش کے باعث خواتین، بزرگوں اور بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔دوسری جانب بعض ٹرانسپورٹرز کی جانب سے گاڑیوں کی کمی کو جواز بنا کر کرایوں میں من مانی اضافے اور بلیک میں ٹکٹ فروخت کیے جانے کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں، جس پر مسافروں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔