’’قیمت پنجاب ‘‘سسٹم کے ذریعے مارکیٹ مانیٹرنگ مزید مؤثر

’’قیمت پنجاب ‘‘سسٹم کے ذریعے مارکیٹ مانیٹرنگ مزید مؤثر

ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو بھی مزید شفاف اور مؤثر بنایا جا رہا :پی آئی ٹی بی

لاہور(خبر نگار)رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ کی سرکاری نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنانے اور متعلقہ شکایات کے اندراج کیلئے پنجاب آئی ٹی بورڈ کے حکومت پنجاب کیلئے وضع کردہ \'قیمت پنجاب\' سسٹم کے ذریعے مارکیٹ مانیٹرنگ کو مزید مؤثر بنا دیا گیا ہے ۔ شہریوں کی جانب سے رمضان المبارک کے دوران گراں فروشی سے متعلق 522 شکایات موصول ہوئیں، جن میں سے 454 شکایات کو پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے مقررہ 24 گھنٹوں کے اندر حل کر دیا جبکہ خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے 3لاکھ 52 ہزار روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے ۔ قیمت پنجاب ایپ میں روزانہ کی بنیاد پر اشیائے ضروریہ، پھل، سبزیوں اور پولٹری کے ریٹ اپ ڈیٹ کیے جاتے ہیں۔ قیمت پنجاب ایپ کے ذریعے صارفین اشیائے ضروریہ کی مہنگی قیمت، سرکاری نرخ نامہ آویزاں نہ ہونے ، کوالٹی خراب ہونے یا دکاندار کے نامناسب رویہ کی شکایت بھی درج کرا سکتے ہیں جس پر فوری کارروائی کی جاتی ہے ۔ اس حوالے سے پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف کا کہنا تھا کہ یہ نظام شہریوں کو فوری شکایت درج کرانے اور بروقت ریلیف فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو بھی مزید شفاف اور مؤثر بنایا جا رہا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں