ہائوسنگ سکیموں میں سڑکوں کی ذمہ داری ڈویلپرز پر عائد
سٹرکچر پلان روڈ ہاؤسنگ سکیم کی حدود سے باہر ہونے پر ایل ڈی اے کو مشروط اختیار
لاہور (شیخ زین العابدین)ہاؤسنگ سکیموں میں سڑکوں کی ذمہ داری اب مکمل طور پر ڈویلپرز پر عائد کر دی گئی،ایل ڈی اے نے مالی بوجھ سے ہاتھ کھینچ لیا، نیا قانون فوری نافذ کر دیا گیا،سٹرکچر پلان روڈز کی زمین اور تعمیر اب سپانسر خود کرے گا،قوانین سخت، لاگت بڑھی، شہری منصوبہ بندی کا نیا ماڈل سامنے آ گیا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے لینڈ یوز رولز 2020 میں اہم ترمیم کر دی ہے ، جس کے بعد ہاؤسنگ سکیموں میں سڑکوں کی منصوبہ بندی اور تعمیر کی ذمہ داری مکمل طور پر نجی ڈویلپرز پر ڈال دی گئی ہے ،سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق سکیم کی حدود کے اندر آنے والی سٹرکچر پلان روڈ کے لیے زمین فراہم کرنا، اسے ڈیویلپ کرنا اور مکمل انفراسٹرکچر تیار کرنا اب سپانسر یا درخواست گزار کی ذمہ داری ہوگی،
جبکہ ایل ڈی اے اس حوالے سے کسی مالی ذمہ داری کا حصہ نہیں ہوگا،دوسری جانب اگر کوئی سٹرکچر پلان روڈ ہاؤسنگ سکیم کی حدود سے باہر واقع ہو تو اس صورت میں ایل ڈی اے کو مشروط اختیار دیا گیا ہے کہ وہ فزیبلٹی اور فنڈز کی دستیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے زمین ایکوائر کر کے سڑک کی تعمیر کر سکے ،یہ ترمیم لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایکٹ 1975کے سیکشن 44 کے تحت نافذ کی گئی ہے اور گورنر پنجاب کی منظوری کے بعد فوری طور پر لاگو کر دی گئی ہے۔