گندم خریداری مہم کسانوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا اجلاس میں فیصلہ
ڈویژنل ویٹ کمیٹی و کراپ کنڈیشن اینڈ پریکیورمنٹ کمیٹی کا اجلاس ،جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک پر شر کت ،ڈائریکٹر زراعت توسیع چودھری خالد محمود نے بریفنگ دی
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ڈویژنل ویٹ کمیٹی و کراپ کنڈیشن اینڈ پریکیورمنٹ کمیٹی کا اجلاس کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر کے علاوہ جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر زراعت توسیع چودھری خالد محمود نے جامع بریفنگ پیش کی جبکہ کسان تنظیموں کے نمائندے بھی موجود تھے ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈویژن میں 18 لاکھ 34 ہزار ایکڑ رقبے پر گندم کا ہدف مقرر تھا، جبکہ 18 لاکھ 39 ہزار ایکڑ پر گندم کی فصل کاشت ہوئی، جس سے 100.27 فیصد ہدف حاصل ہوا۔ مزید بتایا گیا کہ ہر سال دو سے تین من فی ایکڑ زیادہ پیداوار حاصل ہو رہی ہے اور اس سال 38.09 من کے ہدف کے مقابلے میں 40 من سے زائد پیداوار متوقع ہے ۔کمشنر فیصل آباد نے کہا کہ گندم خریداری مہم کے دوران کسانوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا اور مڈل مین کی سرگرمیوں کی سخت حوصلہ شکنی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈویژن بھر میں ڈیزل اور پٹرول کی وافر دستیابی ہے اور چاروں اضلاع کی انتظامیہ نے ڈیزل کے اسٹاک کی جانچ کر لی ہے جبکہ گندم کے اسٹاک کے لیے ویئرہاؤسز بھی تیار کر دیے گئے ہیں۔کمشنر نے کسانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گندم خریداری پالیسی کے اعلان کے بعد کمیٹی کا دوبارہ اجلاس بھی منعقد ہوگا۔