میٹرک امتحانات ،امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ

میٹرک  امتحانات ،امتحانی مراکز  کے  اطراف  دفعہ 144  نافذ

نقل مافیا کے خلاف موثر کریک ڈاؤن ،شکایت کی صورت میں مقدمہ درج ہوگا، غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند،کسی بھی سطح پر نرمی نہیں برتی جائے گی موبائل فون اور دیگر الیکٹرانک ڈیوائسز کے استعمال پر پابندی ، عملے کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کی جائے گی،کوتاہی پر متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی ہو گی

سرگودھا،میانوالی(سٹاف رپورٹر،نامہ نگار) میٹرک امتحانات: کمشنر کی سخت ہدایات، سنٹرز پر دفعہ 144 نافذ کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا،کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے 27 مارچ سے شروع ہونے والے میٹرک کے امتحانات کے پیش نظر تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ امتحانی مراکز کے اطراف فوری طور پر دفعہ 144 نافذ کریں تاکہ غیر متعلقہ افراد کا داخلہ روکا جا سکے اور امتحانی ماحول کو پرامن رکھا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ امتحانات کو مکمل شفاف بنانے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت اقدامات کیے جائیں گے ۔ نقل مافیا کے خلاف موثر کریک ڈاؤن کیا جائے گا اور نقل کی کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری طور پر مقدمہ درج کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی سطح پر نرمی نہیں برتی جائے گی۔ یہ ہدایات انہوں نے میٹرک اور نہم جماعت کے امتحانات کے انعقاد سے متعلق ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں جس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، سیکرٹری بورڈ اور کنٹرولر امتحانات نے شرکت کی،کمشنر نے ہدایت کی کہ امتحانی مراکز کے گرد غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کی جائے اور حساس مراکز پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ تمام سنٹرز کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی یقینی بنائی جائے جبکہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ اداروں کے درمیان موثر رابطہ برقرار رکھا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ موبائل فون اور دیگر الیکٹرانک ڈیوائسز کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی اور امتحانی عملے کی حاضری اور کارکردگی کی سخت مانیٹرنگ کی جائے گی۔ کسی بھی غفلت یا کوتاہی پر متعلقہ افسران کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ امتحانی ڈیوٹی سے انکار کرنے والے عملے کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ خود امتحانی مراکز کے دورے کریں اور مانیٹرنگ کے عمل کو موثر بنائیں۔ڈپٹی کمشنر میانوالی اسد عباس مگسی نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودھا کی جانب سے منعقد ہونے والے میٹرک کے سالانہ امتحانات پارٹ اول اور پارٹ دوم کمپوزٹ 2026 کے موقع پر امتحانی عمل میں شفافیت اور امن و امان برقرار رکھنے کے سلسلہ میں ضلع میانوالی کے تمام 68 امتحانی مراکزپر دفعہ 144 کا حکمنامہ نافذ کر دیا ہے ۔ یہ امتحانات 27 مارچ 2026 سے شروع ہونگے اور 8 مئی 2026 تک جاری رہیں گے ۔ حکمنامہ کے تحت تمام امتحانی مراکز کی 200 گز حدود میں غیر متعلقہ اور غیر مجاز افراد کے داخلہ پر مکمل پابند ی عائد کر دی گئی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں