فیس مقرر کرنے کا اختیار کالجز کو واپس دیا جائے :پامی

فیس مقرر کرنے کا اختیار کالجز کو واپس دیا جائے :پامی

صحت کے شعبے کو سنگین مسائل کا سامنا :صدر چودھری عبدالرحمن کی پریس کانفرنس

لاہور (ہیلتھ رپورٹر)پاکستان ایسوسی ایشن آف میڈیکل اینڈ ڈینٹل انسٹیٹیوشنز (پامی) نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سنٹرل انڈکشن پالیسی ختم کی جائے ، فیس ایکٹ کے مطابق فیس مقرر کرنے کا اختیار کالجز کو واپس دیا جائے ۔ ڈپٹی وزیراعظم کی زیر صدارت کمیٹی کے میٹنگ منٹس میں تبدیلی اور فیصلوں پر عملدرآمد نہ ہونے کے معاملے کی انکوائری کی جائے ۔یہ اعلان گزشتہ روز نجی ہوٹل میں پامی کی جنرل باڈی کے اہم اجلاس کے بعد صدر پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمن نے پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے کو سنگین مسائل کا سامنا ہے اور ہمارا مقصد ملک کے ہیلتھ کیئر سسٹم کو مستحکم کرنا ہے ۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق صحت کے شعبے کے لیے بجٹ کم از کم چھ فیصد ہونا چاہیے مگر پاکستان میں یہ شرح محض دو سے ڈھائی فیصد ہے ۔پریس کانفرنس کے موقع پر نائب صدر ڈاکٹر غضنفر علی، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر ریاض جنجوعہ، صدر پنجاب چیپٹر ڈاکٹر میاں رشید، صدر سندھ چیپٹر ڈاکٹر رضی محمد، صدر کے پی کے چیپٹر مسٹر جی ایم نوارانی، صدر فیڈرل چیپٹر یاسر نیازی، خزانچی ڈاکٹر رضوان چٹھہ اور نو منتخب صدر پامی پنجاب صباحت خان سمیت دیگر اراکین بھی موجود تھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں