ظالمانہ پٹرولیم قیمتوں سے عوام کاجینادوبھر:جماعت اسلامی
عوامی کمیٹیز کنونشن کا مقصد عوام کو بااختیار بنانا :عہدیداروں کی پریس کانفرنس
لاہور(سیاسی نمائندہ)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر بابر رشید نے ذکر اللہ مجاہد، محمد فاروق چوہان کے ہمراہ صوبائی دفتر منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہوشربا مہنگائی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ اور موجودہ ملکی معاشی و سیاسی صورتحال نے عوام کی زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے ۔ روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عام آدمی کا جینا دوبھر کر دیا ہے ۔ اشیائے خورونوش، بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ نہ صرف عوام کے صبر کا امتحان لے رہا ہے بلکہ ان کی بنیادی ضروریاتِ زندگی تک رسائی کو بھی مشکل بنا رہا ہے ۔ حکومت کی ناقص پالیسیوں اور غیر سنجیدہ طرزِ حکمرانی نے اس بحران کو مزید گہرا کر دیا ہے ، جس کے نتیجے میں مہنگائی کی شرح تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ عوام کے لیے کسی بڑے صدمے سے کم نہیں۔ اس کے اثرات براہِ راست زندگی کے ہر شعبے پر مرتب ہو رہے ہیں۔ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بے تحاشا اضافہ ہو چکا ہے ۔