خواتین کالج چونا منڈی کی طالبات ، والدین کااحتجاج
کالج کو ختم کرکے ہوٹل بنانے کا منصوبہ ظلم سے کم نہیں :مقررین کاخطاب
لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )گورنمنٹ فاطمہ جناح گریجوایٹ کالج برائے خواتین چونا منڈی لاہور میں احتجاج۔سابق نواز شریف کالج میں گزشتہ روز ہزاروں طالبات، والدین، نان ٹیچنگ اور ٹیچنگ سٹاف نے بھرپور احتجاج کیا۔ کیونکہ کالج کو ختم کرکے ہوٹل بنانے کا منصوبہ زیرِ غور ہے ، جو کہ تمام متعلقہ لوگوں کے لیے نہایت تشویش کا باعث ہے ۔یہ احتجاج ان دنوں انٹرمیڈیٹ کے سالانہ اور بی ایس طالبات کے مڈ ٹرم امتحانات کے دوران منظرِ عام پر آیا ہے ، جو کہ ایک افسوسناک بات ہے اورجس کی وجہ سے ہزاروں طالبات اور والدین ذہنی دباؤ کا شکار ہو گئے ہیں۔گورنمنٹ فاطمہ جناح گریجو ایٹ کالج برائے خواتین اندرون شہر کی غریب اور پسماندہ طالبات کی اعلیٰ تعلیم کا واحد سہارا ہے ۔ کالج میں 1500 سے زاید طالبات زیرِ تعلیم ہیں۔ اور ایسے بہت سے مضامین جیسے جینڈر سٹڈیز، فرنچ ،نرسنگ اور قرب و جوار کے کالجوں میں تو درکنار کہ لاہور کے بڑے کالجز میں بھی موجود نہیں ہیں۔دورانِ تعلیم طالبات کو کہیں بھی منتقل کرنا عقلی اور عملی لحاظ سے ناممکن اور غیر دانشمندانہ عمل ہے ۔