شیخوپورہ:ستھرا پنجاب ورکرز کا تنخواہیں نہ ملنے پر احتجاج
کوڑا پھینک کر آگ لگاکر ٹریفک جام کردی ، بعض کی خودکشی کی کوشش
شیخوپورہ،تلونڈی(ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار )ستھرا پنجاب پروگرام شیخوپورہ کے درجنوں خاکروبوں نے بروقت تنخواہ نہ ملنے پر ایل ڈبلیو ایم سی شیخوپورہ کے آفس کے باہر کوڑے کے ڈھیر لگا دیئے اور ٹریکٹر ٹرالیاں لگا کر شیخوپورہ سرگودھا روڈ نبی پورہ کے قریب روڈ کو بلاک کر دیا جس سے سینکڑوں گاڑیاں ٹریفک میں پھنس گئیں۔ ستھرا پنجاب پروگرام کی انتظامیہ نے دو گھنٹے کے اندر تنخواہیں دینے کی یقین دہانی کرائی توورکرز نے احتجاج ختم کردیا، تاہم دو گھنٹے بعد بھی تنخواہیں نہ ملنے پر ورکر زچوک پیر بہار شاہ میں اکٹھے ہوئے جہاں انہوں نے کوڑے کے ڈھیر لگا کر ان کو آگ لگا دی جس سے شیخوپورہ ،گوجرانوالہ ،فیصل آباد اور لاہور جانیوالی ٹریفک بند ہوگئی۔ بعض ورکرزنے احتجاجاً خودکشی کرنے کی کوشش بھی کی اور شدید احتجاج کیا ۔ادھرقصور کے علاقہ تلونڈی میں ستھرا پنجاب پروگرام کے ورکرز کا ایسٹر پرتنخواہیں نہ ملنے پر اسسٹنٹ کمشنر آفس کے سامنے شدید احتجاج ،مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ کئی ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں ہوئیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری ادائیگیاں کی جائیں تاکہ وہ بھی ایسٹر کی خوشیوں میں شامل ہو سکیں۔