وارداتیں، شہری لاکھوں روپے ، زیورات، قیمتی اشیا سے محروم
بلال، طاہرہ، نائلہ کے گھروں سے 10 تولے زیورات ،4 لاکھ کی نقدی چوری
قصور(نمائندہ دنیا)قصور میں متعدد وارداتوں کے دوران شہری لاکھوں روپے ،طلائی زیورات، موبائل فونز اور موٹر سائیکلوں سے محروم کردئیے گئے ۔تھانہ کوٹ رادھاکشن کے چک 60میں شعبان خلیل سے ڈاکوؤں نے 50 ہزار روپے نقدی، تھانہ صدر قصور کے علاقہ مدینہ ٹاؤن میں محمد عمران طاہر سے 40 ہزار روپے ،تھانہ صدر قصور کے علاقہ دوست پور کے قریب حارث علی کی دکان سے موبائل فون،انٹرنیٹ ڈیوائس اور4ہزار نقدی چھین لی۔ تھانہ الہ آباد کے علاقہ میں محمد اعظم کی جیب سے 52ہزار روپے نقدی ،موبائل فون نکال کرلے گئے ۔تھانہ کنگن پور کے علاقہ منگل منڈی مویشیاں سے ملک صدام حسین کی دکان سے 1لاکھ 58ہزار روپے نقدی چوری ، تھانہ کنگن پور کے علاقہ منوری سے لیاقت علی کے 22ہزار روپے مالیت کے ہلدی کے بیج اور سرسوں چوری ،تھانہ راجہ جنگ کے علاقہ میر محمد سے بلال، طاہرہ بی بی، نائلہ اقبال کے گھروں سے 10 تولے طلائی زیورات اور 4 لاکھ روپے کی نقدی چوری کر کے لے گئے ۔تھانہ صدر قصور کے علاقہ رسول پورہ سے زاہدمحمودکی موٹرسائیکل چوری کرلی گئی۔ پولیس مصروف کارروائی ہے ۔