وساکھی فیسٹیول ،محکمہ داخلہ کی سکیورٹی گائیڈ لائنز جاری
فیسٹیول سے قبل متعلقہ علاقوں میں کومبنگ آپریشنز مکمل کرنے کی ہدایت
لاہور (اے پی پی)327ویں وساکھی فیسٹیول پر دنیا بھر سے سکھ یاتریوں کی آمد کے تناظر میں محکمہ داخلہ پنجاب نے سکیورٹی گائیڈ لائنز جاری کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق وساکھی فیسٹیول10 سے 19 اپریل تک منایا جائے گا جس میں دنیا بھر اور پاکستان سے 26 ہزار سکھ یاتری فیسٹیول میں شرکت کریں گے ۔ بھارت سے بھی3 ہزار سکھ یاتری وساکھی فیسٹیول کیلئے پاکستان آئیں گے ۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو گورودواروں، قیام گاہوں اور راستوں پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کی ہدایت کی ہے ۔ محکمہ داخلہ کی جاری کردہ سکیورٹی گائیڈ لائنز میں ہدایت کی گئی ہے کہ حساس مقامات پر واک تھرو گیٹس، سی سی ٹی وی کیمرے اور سرچ لائٹس کی تنصیب مکمل کی جائے ۔ تمام تقریبات کی سکیورٹی نگرانی کیلئے کم از کم ایس پی رینک کا ایک افسر تعینات کیا جائے گا۔