مانگٹانوالہ :جائیداد ،گندم کے تنازعہ پربھائی کو قتل کردیا
گندم کی رکھوالی کرتے اسلم پر فائرنگ،باپ اور دو بھائیوں سمیت5افراد پرمقدمہ
ننکانہ صاحب(خبر نگار )خون سفید ہوگیا، جائیداد اور گندم کے تنازعہ پر باپ کے مبینہ ایما پر دو بھائیوں نے سگے بھائی کو قتل کر دیا، پولیس نے مقتول کی بیوہ صفیحہ مریم کی مدعیت میںباپ اور دو بھائیوں سمیت 5افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔ تھانہ مانگٹانوالہ کے گاؤں کوٹ بینی داس میں اسلم اپنی گندم کٹائی کے بعد رات کو کھیتوں میں چارپائی پر سو کر فصل کی حفاظت کر رہا تھا کہ مسلح افراد فائرنگ کر کے اسے قتل کرکے فرار ہو گئے ۔پولیس کے مطابق واقعہ جائیداد اور گندم کے تنازعہ کا شاخسانہ ہے ۔ ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ باپ وارث کے ایما پر مقتول کے دو بھائیوں نذیر عرف انور اور اشرف نے اسے قتل کیا جبکہ دو نامعلوم افراد بھی واردات میں شریک تھے ۔ ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔