شہر کی متعدد اہم شاہراہیں واضح لین مارکنگ سے محروم

شہر کی متعدد اہم شاہراہیں واضح لین مارکنگ سے محروم

ایل ڈی اے اور ٹیپا کی جانب سے لین مارکنگ کے متعدد منصوبے تاخیر کاشکار

لاہور (شیخ زین العابدین)پنجاب حکومت نے لین لائن کی خلاف ورزی پر چالان کا عندیہ دیا، لیکن زمینی حقائق اس فیصلے کے برعکس دکھائی دیتے ہیں۔ شہر کی متعدد اہم شاہراہیں آج بھی واضح لین مارکنگ سے محروم ہیں، جس کے باعث شہریوں میں بے چینی اور سوالات بڑھتے جا رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق ایل ڈی اے اور ٹیپا کی جانب سے لین مارکنگ کے متعدد منصوبے ہر سال تیار کیے جاتے ہیں، مگر عملدرآمد اکثر تاخیر کا شکار رہتا ہے ۔ شہر کی بڑی شاہراہیں، جن میں فیروزپور روڈ، کینال روڈ، رائیونڈ روڈ اور ملتان روڈ شامل ہیں، کئی مقامات پر لین لائن سے محروم دکھائی دیتی ہیں۔ اسی طرح ہربنس پورہ سے بی آر بی کینال تک کا حصہ اور سبزہ زار بلیوارڈ بھی مکمل مارکنگ نہ ہونے کی مثال بن چکے ہیں، جہاں ٹریفک کی روانی اکثر متاثر رہتی ہے ۔لاہور میں سڑکوں کا مجموعی جال 14 ہزار 69 کلومیٹر تک پھیل چکا ہے ۔ ان میں مقامی سڑکیں 12 ہزار 391 کلومیٹر، سیکنڈری روڈز 1 ہزار 217 کلومیٹر جبکہ پرائمری سڑکیں محض 358 کلومیٹر پر مشتمل ہیں۔ لاہور جیسے بڑے شہر میں جہاں ٹریفک کا دباؤ مسلسل بڑھ رہا ہے ، وہاں سڑکوں کی بہتری اور مؤثر منصوبہ بندی ہی دیرپا حل ثابت ہو سکتی ہے ۔ بصورت دیگرقوانین اور زمینی حقائق کے درمیان یہ خلا شہریوں کے لیے مزید مشکلات پیدا کرتا رہے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں