حاجی کیمپ سٹورم واٹر ڈرین پھر مالی مشکلات کا شکار
منصوبے کو مالی سال کے بجٹ میں خاطر خواہ فنڈز نہ مل سکے
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )لاہور میں مون سون بارشوں سے قبل نکاسی آب کے اہم ترین منصوبوں میں شامل حاجی کیمپ سٹورم واٹر ڈرین ایک بار پھر مالی مشکلات کا شکار ہو گیا ہے ۔ واسا کے اس بڑے منصوبے کو مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں خاطر خواہ فنڈز نہ مل سکے ، جس کے باعث اس کی بروقت تکمیل پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے ۔ حاجی کیمپ سے دریائے راوی تک بچھائی جانے والی اس ڈرین کا تقریباً 95 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے ، تاہم باقی ماندہ کام کے لیے مزید 45 کروڑ روپے درکار ہیں۔ اس کے برعکس رواں مالی سال کے بجٹ میں اس منصوبے کے لیے صرف 50لاکھ روپے مختص کیے گئے ، جو ضرورت کے مقابلے میں نہایت کم ہیں۔ اس منصوبے کی مجموعی لاگت ریوائزڈ پی سی ون میں تین ارب 10 کروڑ 84لاکھ روپے تک پہنچ چکی ہے ، جبکہ گزشتہ مالی سال 2024-25 میں بھی حکومت کی جانب سے مکمل فنڈنگ فراہم نہ کیے جانے کے باعث کام کی رفتار متاثر رہی۔واسا کے متعدد ترقیاتی منصوبے محدود فنڈنگ کے باعث سست روی کا شکار ہیں اور یہی صورتحال حاجی کیمپ ڈرین کے ساتھ بھی پیش آ رہی ہے ، جسے اب آئندہ تین سالہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کر دیا گیا ہے ۔