واسا:سالانہ ترقیاتی پروگرام بند ،نئے منصوبوں کا اعلان
شہر میں سیوریج ، واٹر سپلائی مسائل حل کیلئے سالانہ منصوبے تاحال زیر التوا
لاہور (شیخ زین العابدین)واسا کاسالانہ ترقیاتی پروگرام پس پشت، نئے منصوبوں کا اعلان جبکہ اربوں کے منصوبے فائلوں میں بند ہیں ۔ذرائع کے مطابق لاہور میں سیوریج اور واٹر سپلائی مسائل حل کیلئے بنائے گئے منصوبے تاخیر اور انتظامی بے ترتیبی کا شکار ہو گئے ۔ واساکے اعدادوشمار نے نا صرف حکومتی سطح پر ابہام پیدا کیا بلکہ ترقیاتی ترجیحات پر بھی سوالات کھڑے کر دیئے ۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے منصوبے تاحال عملی شکل اختیار نہ کر سکے اور واسا نے جاری سکیموں کو نظر انداز کرکے نئے منصوبوں کے اعلانات کر دیئے ۔شہر کے اہم منصوبے لاریکس کالونی سے گلشن راوی تک ٹنل بورنگ، سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس 105 ٹیوب ویلز پر فلٹریشن پلانٹس، حاجی کیمپ سٹروم واٹر ڈرین، موہلنوال،فیروز پور روڈ کے منصوبوں سمیت دیگر منصوبے بھی فائلوں تک محدود ہے ۔ واسا انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کی منظوری ہو چکی ہے ،لاریکس کالونی منصوبے پر آئندہ مالی سال کام شروع کیا جائیگا۔ 12 بوسیدہ سیوریج لائنز تبدیل کردیں اور مزید کی تبدیلی آئندہ سال کے ایجنڈے میں شامل ہے ۔