گندم کی سپلائی کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی
فلور ملز و ویٹ سپلائی ایسوسی ایشن کی ڈی جی فوڈ پنجاب امجد حفیظ سے ملاقات
لاہور (اپنے سٹی رپورٹر سے )گندم سپلائی کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی، فلور ملز و ویٹ سپلائی ایسوسی ایشن کی ڈی جی فوڈ پنجاب سے ملاقات ،پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما عاصم رضا احمد گروپ کے سابق چیئرمین عبدالروف مختار، ڈپٹی چیئرمین عامر رفیق اور فرخ شہزاد کی سربراہی میں ویٹ سپلائی ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر ملک احمد اور سینئر وائس پریذیڈنٹ شاہد محمود نے ڈائریکٹر جنرل فوڈ پنجاب امجد حفیظ سے ان کے دفتر میں اہم ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ویٹ سپلائی ایسوسی ایشن کے وفد نے پنجاب بھر میں گندم کی سپلائی اور نقل و حرکت کے حوالے سے درپیش مسائل تفصیل سے پیش کیے ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل فوڈ پنجاب امجد حفیظ نے وفد کے تحفظات کو غور سے سنا۔ڈی جی فوڈ پنجاب امجد حفیظ نے مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ گندم کی سپلائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ صوبے بھر میں کسی قسم کی رکاوٹ باقی نہ رہے ۔ انہوں نے اس بات کا بھی یقین دلایا کہ محکمہ ایگریگیٹرز کو گندم کی خریداری کے مسائل حل کرنے میں ہر ممکن معاونت فراہم کرے گا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی گندم کی سپلائی سے متعلق تمام مسائل حل کر لیے جائیں گے ۔