10ماہ گزرنے کے باوجودجامعات کی درجہ بندی نہ ہوسکی
سال کے آخر پر یونیورسٹیوں کی درجہ بندی جاری کردینگے :چیئرمین ایچ ای ڈی
لاہور(عاطف پرویز سے )پنجاب کی سرکاری جامعات کی کارکردگی جانچنے اور فنڈنگ کو میرٹ سے مشروط کرنے کے لیے شروع کیا گیا یونیورسٹیز رینکنگ منصوبہ تاحال عملدرآمد کا منتظر ہے ۔ منصوبے کے اعلان کو دس ماہ گزر چکے ہیں تاہم جامعات کی درجہ بندی اب تک سامنے نہ آسکی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن نے دس ماہ قبل جامعات کی درجہ بندی کا منصوبہ متعارف کرایا تھا جس کے تحت یونیورسٹیوں کو مختلف کے پی آئیز اور خصوصی اہداف دیے گئے ۔ منصوبے کا مقصد تدریسی معیار، تحقیق، گورننس اور کارکردگی کی بنیاد پر جامعات کی رینکنگ کرنا تھا۔حکام کے مطابق رینکنگ کی بنیاد پر جامعات کی فنڈنگ اور ترقیاتی معاملات سے متعلق فیصلے کیے جانا تھے جبکہ منصوبے پر عملدرآمد کی ذمہ داری پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کو سونپی گئی تھی۔چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر اقرار احمد خان نے کہاکہ جامعات سے مطلوبہ ڈیٹا اکٹھا کرلیا گیا ہے ، رواں مالی سال کے اختتام پر یونیورسٹیوں کی درجہ بندی جاری کردی جائے گی۔