پیرا افسران کا گرلز سکول کا دورہ‘ مانیٹرنگ، شہریوں کی تنقید
مہنگائی،تجاوزات پر قابومیں ناکامی پرپیرا نے رخ تعلیمی اداروں کی جانب موڑ لیا؟
ننکانہ صاحب (خبر نگار)پنجاب حکومت کی جانب سے مہنگائی، گرانفروشی اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے قائم کی گئی پیرا فورس اب اپنی اصل ذمہ داریاں چھوڑ کر متنازعہ اقدامات میں مصروف دکھائی دینے لگی۔ ننکانہ میں پیرا افسران کے گرلز سکول کے اچانک دورے اور طالبات و تدریسی امور کی مانیٹرنگ نے شہریوں اور تعلیمی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے ، جبکہ عوام سوال اٹھا رہے ہیں کہ کیا مہنگائی اور تجاوزات پر قابو پانے میں ناکامی کے بعد پیرا فورس نے اپنا رخ تعلیمی اداروں کی جانب موڑ لیا ہے ؟۔سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر ننکانہ سید مدثر رضا نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول چندر کوٹ کا اچانک دورہ کیا جہاں تدریسی عمل، طالبات کی حاضری، اساتذہ کی موجودگی، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا ،کلاس رومز میں جاکرطالبات سے گفتگو بھی کی۔ترجمان پیرا ننکانہ کے مطابق سکول انتظامیہ کو تعلیمی معیار بہتر بنانے ، نظم و ضبط مزید ماثر بنانے اور صفائی کے نظام میں بہتری کے حوالے سے ہدایات جاری کی گئیں۔